لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) میں کیس ہارنے پر بھارتی بورڈ کو جرمانے کی رقم ادا کردی ہے۔
پی سی بی نے دوطرفہ سیریز کے معاہدے کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال آئی سی سی میں بھارتی بورڈ کے خلاف 70 ملین ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا۔
پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو جرمانے کے 20 کروڑ روپے میں سے رقم کی 60 فیصد ادائیگی کر دی ہے جب کہ باقی 40 فیصد اخراجات بھارتی بورڈ خود برداشت کرے گا۔
پی سی بی کے گورننگ بورڈ اجلاس میں آئی سی سی کو ایک کروڑ 12 لاکھ واجب الادا رقم دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کیس پر آئی سی سی کے آنے والے ایک لاکھ 89 ڈالرز اخراجات میں سے 60 فیصد رقم بھی پی سی کو ادا کرنی ہے جب کہ باقی 40 فیصد رقم آئی سی سی خود برداشت کرے گا۔
یاد رہے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزیلیوشن کمیٹی میں دائر کیس میں پی سی بی کا مؤقف تھا کہ 2014 میں دونوں بورڈز کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 8 سال کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلی جانی تھیں جو بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں کھیلی جاسکیں۔
پی سی بی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پر 70 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا جائے تاکہ پاکستان کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2014 میں آٹھ سالوں میں چھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ سمجھوتے کے تحت 2015 اور 2016 میں پاک بھارت دو طرفہ سیریز ہونی تھی لیکن بھارت نے معاہدے کے باوجود کھیلنے سے منع کردیا تھا۔
قبل ازیں نومبر 2014 اور دسمبر 2015 میں بھی بھارت کے انکار کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی تھی۔