اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نیب کو دیکھ کر چلنا ہوگا کہ انتقام اور احتساب میں بڑی تنگ سی لائن ہے، نیب کی ان کارروائیوں سے خوف
پیدا ہورہا ہے۔ نیب کا ادارہ ماضی میں سیاسی جماعتیں بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس ادارے کے سربراہ ہیں جو ایک اہم ادارہ ہے اور ان کے خلاف نیب کی تحقیقات چل رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ تمام معاملات کی تحیقیقات چل رہی ہیں لیکن سیاست دانوں کے ساتھ بیوروکریسی کا بھی احتساب ہونا چاہیے. انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سے معاملات میں بہتری آئی ہے اور سب سے بڑھ کر کرپشن میں کمی ہوئی ہے۔
نواز شریف کوعلاج کی ضرورت ہے، مریم اورنگزیب
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کوعلاج کی ضرورت ہے اور حکومت کی جانب سے بنائے گئے ڈاکٹرز کے بورڈز نے خود یہ بات کہی ہے کہ انہیں دل کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ سروسز اسپتال میں دل کا علاج نہیں ہے پھر دل کے مریض کو وہاں کیوں لے جایا گیا اور پھر انہیں دوسرے اسپتال پی آئی سی لے جانے کا کہا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ انہیں جیل جانا ہے تاکہ یہ تماشہ ختم ہو۔
چیئرمین نیب کو ہٹانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قانون میں بہتری آئے تاکہ مستقبل میں مسائل نہ ہوں۔
عمیر کا بیان ریکارڈ ہوگیا ہے،بیرسٹر احتشام
پروگرام میں موجود سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کے وکیل بیرسٹر احتشام نے کہا کہ احتجاج کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی ہے اب اگر حکومت نے ساتھ دن کی مہلت مانگی ہے تو وہ انہیں دے دی گئی ہے کیونکہ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سات دنوں میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جایئں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ ایف آئی آر پر تحفظات ہیں جنھیں دور کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے جبکہ آج عینی شاہد 12 سالہ عمیر کا بیان ریکارڈ ہوگیا ہے اور میبنہ پولیس مقابلے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔