سرکاری اراضی کیس، ملک ریاض نیب راولپنڈی میں پیش

فوٹو: فائل


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب) میں سرکاری اراضی تخت پڑی کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں معروف پراپرٹی ٹائکون سربراہ بحریہ ٹاؤن ملک ریاض آج نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  نیب کے تفتیشی افسران نے ملک ریاض سے کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی اور ملک ریاض کا بیان ریکارڈ کیا۔ نیب نے ملک ریاض کے پاس موجود دستاویزی ثبوت  قبضے میں لیتے ہوئے ان  سے مزید سوالوں کے جوابات بھی طلب کر لیے گئے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق سربراہ بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کو دوبارہ جلد طلب کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کو جنگل کی سرکاری زمین الاٹ ہونے کی تحقیقات جاری ہیں، جنگل کی زمین پر بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کا فیز سات اور آٹھ بنایا گیا۔ نیب نے تخت پڑی کیس میں پرویز الٰہی اور حسین الٰہی کو بھی طلب کیا تھا۔

خیال رہے گزشتہ سال ملک ریاض کے خلاف ’زمین پر قبضے‘ سے متعلق مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ غیر قانونی طور پر بحریہ ٹاؤن کو زمین کی اراضی دینے پر عدالت عظمیٰ فیصلہ بھی دے چکی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں فاریسٹ ریونیو اور سروے آف پاکستان کو حکم صادر کیا تھا کہ وہ اسلام آباد کے قریب تخت پڑی میں جنگلات کی زمین کی از سر نو حد بندی کریں .


متعلقہ خبریں