بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم کے منیجر اعظم خان، ٹیم کے فاسٹ بولر انور علی اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جلات خان کی ملاقات ہوئی ہے۔

ہفتہ کے روز ہونے والی اس ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری، مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، مشیرتوانائی مبین خلجی، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر بلال کاکڑ بھی موجود تھے۔

ٹیم منیجرنے وزیراعلیٰ کو ٹیم کی کوئٹہ کے دورے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دورے کا مقصد یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کو کوئٹہ میں پذیرائی حاصل ہو اور مقامی کھلاڑیوں میں کرکٹ کھیلنے کے شوق میں بھی اضافہ ہو۔

گلیڈی ایٹر کے کھلاڑیوں اور نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تاہم ٹیلنٹ آگے لانے کے لیے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا انتہائی ضروری ہیں اور اس سلسلے میں بلوچستان حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کرکٹ بلوچستان میں بھی بڑے شوق سے کھیلا جاتا ہے۔ اگرپاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان پر بھی توجہ دے تو یہاں سے بھی بہترین کھلاڑی ابھر کر قومی ٹیم میں اپنا حصہ بنا سکتے ہیں۔

جام کمال خان نے اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی سے ملک بھر میں کرکٹ کو مزید فروغ مل رہا ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی کارکردگی سے شائقین مطمئن نظر آتے ہیں۔

اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو بھی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں ٹیلنٹ کی تلاش میں کیمپس لگائے جائیں جس سے ٹیلنٹ رکھنے والے کھلاڑی سامنے آسکیں گے۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے آئندہ پی سی ایل ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرکے منیجر اعظم خان نے ٹیم کی طرف سے وزیراعلیٰ کو گلیڈی ایٹر کٹ اور بلا پیش کیا۔


متعلقہ خبریں