کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کی 48 گاڑیوں کو مشکوک قرار دے دیا ہے۔
کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس میں پیش رفت سے ایف آئی اے نے محکمہ ایکسائز سندھ کو آگاہ کر دیا ہے۔ ایف آئی اے نے کے کے ایف کے استعمال میں موجود مشکوک 48 گاڑیوں کی خرید فروخت پر پابندی کی سفارش کر دی ہے۔
ایف آئی اے نے محکمہ ایکسائز کو خط کے ذریعے گاڑیوں کی خریدوفروخت پر پابندی کی سفارش کی ہے جب کہ ایف آئی اے نے کے کے ایف کی تمام گاڑیوں کے تصدیق شدہ کاغذات بھی طلب کر لیے ہیں۔
ایف آئی اے نے محکمہ ایکسائز کو لکھے گئے خط میں واضح کیا ہے کہ مذکورہ 48 گاڑیاں منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کی گئی ہیں اور یہ تمام گاڑیاں ہائی روف ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق گاڑیوں کے دستاویزات میں تبدیلی قابل سزا جرم ہے اور زیر تفتیش گاڑیوں کے کاغذات میں تبدیلی کے ذمہ دار کو جرمانے کے ساتھ ایک سال کی سزا بھی ہو گی۔