سانحہ ساہیوال: جےآئی ٹی کالعدم قرار دینےکی درخواست سماعت کیلیے منظور

فوٹو: فائل


ساہیوال: لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی کی جانب سے پنجاب حکومت کی بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔

سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت چار فروری کو ہو گی۔

گزشتہ روز خلیل کے بھائی جلیل نے عدالت عالیہ میں استدعا کی تھی کہ وہ جے آئی ٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مقتول کے بھائی نے وفاقی حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ آئی جی پنجاب انسداد دہشت گردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں لہٰذا ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بھی جے آئی ٹی کو تحقیقات روکنے کا حکم دے رکھا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں آج جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے بھی جے آئی ٹی کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں پنجاب حکومت، وزارت داخلہ اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں