ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر دینا غیر آئینی ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر دینا غیر آئینی ہے۔ عمران خان ملک سے کرپٹ لوگوں کی سیاسی نکل کشی کر دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمنٹ کا سب سے سینئر رکن ہوں اور وفاقی وزیر پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی) کا رکن بن سکتا ہے۔ ریاض فتیانہ کی جگہ مجھے پی اے سی میں نامزد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں کسی سے لڑنے نہیں جا رہا ہوں، وہاں آئینی کردار ادا کروں گا۔ پی اے سی میں 28 ارکان ہیں اور اُن کی مجھ سے جان جاتی ہے۔ جن پر مقدمات ہیں وہ دوسروں کا احتساب کیسے کریں گے۔

شیخ رشید نے این آر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو این آر او ملنے والا نہیں ہے، میں شہباز شریف کو اچھی طرح سے جانتا ہوں وہ ڈرامہ بازی چھوڑ دیں، شہباز شریف پر کرپشن کا بہت بڑا ملبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 فروری تک ٹرینوں میں ٹریکر سسٹم لگ جائے گا جب کہ رواں سال 20 نئی ٹرینیں چلانے کا ارادہ ہے۔ تھل ایکسپریس 12 فروری سے شروع کر رہے ہیں جب کہ دو وی آئی پی ٹرینیں بھی چلانے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک بھر کے اسٹیشنوں کا جائزہ لینے کے لیے  کل سے دورہ کر رہا ہوں۔ ٹرینوں میں جلد وائی فائی کی سہولت دیں گے۔


متعلقہ خبریں