نیواسلام آباد ائیرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام پر ہونا چاہیے، شہبازشریف


اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام سے برقرار رکھنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں راجہ پرویز اشرف کی طرف سے ائرپورٹ کے نام کا معاملہ اٹھایا گیا۔

اس معاملے کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا پرانا ائر پورٹ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب تھا لہذا نئے ائرپورٹ کا نام بھی وہی رہنا چاہیئے۔

اس حوالے سے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کی دستاویزات میں نام بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ ہی استعمال ہو رہا لیکن جب نئے ایئرپورٹ جاتے ہیں تو وہاں یہ نام نظر نہیں آتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کی رہنما شیریں رحمان نے چیئرمین پی اے سی شہباز شریف سے اس معاملے پر سول ایوی ایشن کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد شہباز شریف کی جانب سے تمام ارکان سے رائے طلب کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز سمیت تمام ارکان نے نئے ائرپورٹ کا نام بھی بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب رکھنے کی حمایت کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں