میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی جانب سے نواز شریف کا معائنہ مکمل

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ، اٹارنی جنرل کا پنجاب حکومت کو خط

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا معائنہ کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ کوٹ لکھپت جیل پہنچ گیا ہے جس کے بعد بورڈ کے ڈاکٹرز کی جانب سے نواز شریف کا دو گھنٹے سے زائد طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

میڈیکل بورڈ کی جانب سے نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹ اور جسمانی معائنہ کیا گیا ہے جس میں ان سے دل کی بیماری سے متعلق علامات کے سوالات کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان سے جسم کے مختلف حصوں میں درد محسوس ہونے سے متعلق بھی پوچھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی جانب سے نوازشریف کی بلڈ پریشر، ای سی جی اور خون کے ٹیسٹ لیے گئے جبکہ سابق وزیر اعظم  نے پٹھوں میں کھیچائو اوردل پربھاری پن کی شکایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نوازشریف کی صحت کے متعلق سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائے گا جس کے بعد ان کے آئندہ علاج کے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

نواز شریف کے خصوصی معالج ڈاکٹرعدنان بھی میڈیکل چیک اپ کے دوران جیل میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر شاہد حمید اور ڈاکٹر سجاد احمد، ڈاکٹرمحمد طلحہ بن نذیر بھی جیل میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے نواز شریف کے تفصیلی معائنے کے بعد ان کو طبی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی تمام میڈیکل رپورٹس طلب کی گئی تھیں۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل  ڈویژن بینچ نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ درخواست پہلی سزا معطلی درخواست میں ایڈیشن ہے اور اس میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی مانگی گئی ہے، نواز شریف کی فیملی کو ان کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔


متعلقہ خبریں