‘نوازشریف کو کوئی ایسی بیماری نہیں کہ اسپتال منتقل کیا جائے’


لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کو کوئی ایسی بیماری نہیں کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مطابق نواز شریف کی طبیعت خراب ہے لیکن ان کی میڈیکل رپورٹ نارمل ہے۔ وہ قانون کے مہمان ہیں اور ان کا علاج ہمارافرض ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بتایا کہ نوازشریف کو ہر سہولت دی جارہی ہے۔ لندن سے ان کی پسندیدہ ڈش لائی گئی، اس کے علاوہ کے ان کے لیے گھر سےبھی کھانا آتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کا جھوٹ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف ہائی پروفائل مجرم ہیں پھر بھی انہیں 100 فیصد پروٹوکول دیا جاتا ہے۔

سانحہ ساہیوال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ ساہیوال واقعے پرسیاست نہیں کی۔ ایوان میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے چہرے سے شرمندگی عیاں تھی۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی آنکھیں اور زبان ان کا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خلیل اور اس کے خاندان کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا ہے اور ظلم کرنے والوں کو نشان عبرت ضرور بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں