اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کا جنوبی پنجاب و بہاولپور صوبہ بنانے کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتی ہے تاہم ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں حکومت اس پر بھی یو ٹرن نہ لے لے۔
اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومتیں بار بار لانے سے کبھی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا،بنگلہ دیش اور بھارت ترقی کرتے جا رہے ہیں جب کہ پاکستان مسلسل زوال پذیر ہوتا جا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزرا نے قومی اسمبلی کو ڈی چوک بنا دیا ہے،جو روش انہوں نے ڈی چوک پر جاری رکھی تھی اسی روش کا اظہار یہ لوگ قومی اسمبلی میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک سوشل میڈیا کی حکومت ہے،سوشل میڈیا کی حکومت اور زمینی حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے ۔
احسن اقبال نے کہا اس حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اناڑیوں کا حکومت چلانا نہیں ،اگر حکومت واقعی اقتدار میں ہے تو ہوش کے ناخن لے اور معاملات کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرے۔
معیشت ٹوئٹ سےنہیں عملی اقدامات سےچلتی ہے، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہی کےدہانے پرہے لیکن حکومت کوئی معاملات بھی سامنے نہیں لارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ فنانس بل پر بھی کوئی بحث نہیں کروائی گئی جبکہ پارلیمنٹ سے راہ فرار اختیار کی گئی، معیشت ٹوئٹ سےنہیں چلتی عملی اقدامات سےچلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا جلدی تھی بجٹ پیش کرنے میں جبکہ جون میں پھر بجٹ پیش ہونا ہے، حکومت نئے نوٹ پرنٹ کررہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت یو ٹرن کی ماسٹر ہے،ہربات پریو ٹرن لےلیتی ہے، ہمیں توقع تھی کہ حکومت خسارے پر بات کرے گی لیکن حکومت خاموش ہے، ہرشخص مشکلات کا سامنا کررہا ہے صرف حکومت کو پرواہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرپاکستان کےمسائل کاحل احتساب میں ہے تو احتساب مجھ سےمیری کابینہ سے شروع کریں, ہم احتساب کےلیے تیارہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے بغیر کسی کرپشن کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جو نواز شریف پر الزام لگائے ہیں وہ اپنی کابینہ سے بھی پوچھ لیں کابینہ ارکان کے اثاثے کتنے ہیں سب سامنے آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ پنجاب کا غریب ترین وزیراعلی عثمان بردار ہے، ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں لیکن ان کا لہجہ ریاست مدینہ والا نہیں ہے میرٹ کی بات کی جائے تو عثمان بزدار میرٹ پر پورا نہیں اترتے۔