سندھ اسمبلی اجلاس، اپوزیشن کا احتجاج



کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس میں آج بھی اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ اپوزیشن اراکین اور اسپیکر اسمبلی میں جھڑپ بھی ہوئی۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج دُرانی کی زیر صدارت ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اپوزیشن نے اسپیکر کو بزنس معطل کرکے قرارداد لانے کا مطالبہ کیا لیکن اسپیکر اسمبلی نے وقفہ سولات شروع کرنے پر اصرار کیا۔ جس پر اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج کیا۔

آغا سراج دُرانی نے کہا کہ میں رولز کے مطابق وقفہ سوالات کے بعد قرارداد لانے کی اجازت دے دوں گا، جس پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ آپ کی نیت ہی خراب ہے۔

اپوزیشن کے احتجاج اور اپوزیشن لیڈر کی تنقید کے بعد پیپلزپارٹی کے اراکین بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ اپوزیشن ایوان چلانے میں دلچسپی ہی نہیں رکھتی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے حلیم عادل شیخ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے پاس اکیلے میں آنا میں آپ کو آپ کے بارے میں بتاؤں گا۔

ایم کیو ایم رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ میری تحریک انصاف کے پارلیمارنی لیڈر سے گزارش ہے کہ بیچ کا راستہ نکالیں۔

خرم شیر زمان کے درمیان میں لقمہ دینے پر آغا سراج درانی اور خرم شیر زمان کے درمیان لفاظی جھڑپ شروع ہو گئی۔ آغا سراج درانی نے بیٹھے بیٹھے کمنٹس پاس کرنے سے منع کیا اور کہا کہ کھڑے ہو کر بات کریں۔ تحریک انصاف کا اسمبلی میں رویہ درست نہیں ہے۔

اپوزیشن اراکین نے ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا اور انصاف دو انصاف دو کے نعرے لگائے۔ جس پر اسمبلی انتظامیہ نے ایوان کا مائیک سسٹم بند کر دیا۔


متعلقہ خبریں