کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں کے ووٹوں کو گنا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صد شکرہے کہ آج طریقہ انتخاب کو کچھ اعتبار ملا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جو نتیجہ رکا تھا وہ آج آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ آج دباؤ میں کچھ کمی بھی آئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مملکت کو تسلیم کرنا چاہیے کہ یہ نتیجہ ہے شہری علاقوں کا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نظام کو آگے بڑھانے پر سب کو مبارکباد دیتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین پولنگ اسٹیشنوں کے فیصلے نتائج تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ جب لوگوں کو ووٹ کے گنے جانے کا یقین ہوگا تو وہ باہر بھی نکلیں گے۔
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس-94 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 149 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 147 پر ایم کیو ایم پاکستان کے انتخابی امیدوار ہاشم رضا 21136 ووٹ حاصل کرکے آگے ہیں۔
موصولہ انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اشرف قریشی 8765 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔