حکومت کا پنجاب پولیس میں اصلاحات کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ویزا رجیم میں تبدیلیاں لا رہے ہیں جس سے بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویزا رجیم میں تبدیلی سے صحافیوں، کاروباری طبقے اور سیاحوں کو آسانی ہو گی۔

وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیے گئے فیصلے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب کے 100 پولیس اسٹیشنوں کو ماڈل پولیس اسٹیشن بنائیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے اعلان کیا کہ ای او بی آئی پینشن میں دس فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غریب کو گھر دے سکیں اور اس کے لیے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پانچ ارب روپے کا قرض حسنہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہاؤسنگ کے لیے اب مزید قرض دستیاب ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ساہیوال واقعہ پہ فوری طور پر انصاف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو جلد از جلد عدالت میں لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے بجٹ سے متعلق مثبت اقدامات پر کافی اچھا ردعمل ایا ہے۔ انہوں نے ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری بھی پیش ہوئی۔ وزارت داخلہ نے آئینی پٹیشن نمبر 50 2013 غور کے لیے پیش کی۔


متعلقہ خبریں