حکومت اور اتحادیوں کا الائنس میرٹ پر نہیں ہوا، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں کا الائنس میرٹ پر نہیں ہوا ہے، یہ اتحاد حالات کے تحت بنوایا گیا ہے۔

سید خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل تمام جماعتیں سیاسی ہیں اور اسی لیے نالاں ہیں کہ ان سے مشاورت نہیں کی جاتی جب کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ہم نے انہیں اقتدار کا حصہ بنایا اور اسپیکر شپ دی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ اتحادی ان کے محتاج ہیں لیکن حکومت یہ سمجھنے کو تیار نہیں کہ اتحادیوں کی وجہ سے ہی ان کی حکومت بنی۔

پنجاب حکومت میں تبدیلی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی کی ہوا چلے گی تو پھر دیکھی گے تاہم پیپلز پارٹی سے پنجاب میں تبدیلی کے لیے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت کے پاس کوئی سوچ، ویژن یا سیاست نہیں ہے اور حکومت کچھ بھی سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔

سانحہ ساہیوال سے متعلق بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں جے آئی ٹی کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنائی جانی چاہیے۔ سانحہ ساہیوال پنجاب حکومت کی نا اہلی ہے جب کہ ملزمان کو سخت سزا ملنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں