کراچی: پولیس، اسٹریٹ کرمنلز میں فائرنگ کے تبادلہ میں میاں بیوی زخمی


کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق شوہر کی شناخت عدنان اور خاتون کی شناخت ثاقبہ کے نام سے کی گئی، دونوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی کس کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تحقیقات کررہے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق گولی زخمی شخص کے سر کو چھوتے ہوئے نکلی، خاتون کو پسلی میں گولی لگی۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار مشتبہ افراد کا تعاقب کر رہے تھے، پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملزموں کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوئے۔

جناح اسپتال کی شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ فائرنگ سے زخمی میاں بیوی کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا، دونوں کو  آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی خاتون حاملہ بھی ہے، زخمی مرد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کورنگی میں پولیس فائرنگ سے میاں بیوی کے زخمی ہونیکے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ایس ایس پی کورنگی سے تفصیلی انکوائری سمیت پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔

’بہن اور بہنوئی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے‘

ادھر واقعے کے عینی شاہد شفقت زرین نے کہا ہے کہ ان کی بہن اور بہنوئی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ کہ وہ جونہی گھر سے باہر نکلے فائرنگ کی آواز آئی، ایک گولی ان کے بازو کے قریب سے چھوتے ہوئے نکلی۔

ان کا کہنا ہے کہ جس جانب سے پولیس اہلکار آئے گولیاں بھی اس ہی سمت سے آکر لگیں، پولیس اہلکار بھاگ کر ہم تک پہنچے اور ادھر ادھر دیکھتے رہے۔

عینی شاہد نے کہا کہ گلی میں ایسا کوئی نظر نہیں آیا جس کا پولیس اہلکار تعاقب کررہے ہوں۔

پولیس اہلکاروں کی مبینہ غفلت

ادھر واقعے میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ غفلت کا معاملہ بھی سامنا آیا ہے۔ مسلح ملزمان پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جی چھین کر فرار ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے اہلکار نے مزاحمت کی اور دو طرفہ فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آکر عدنان نامی شوہر اور بیوی ثاقبہ زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا کے مطابق جائے وقوعہ سےایک خول ملا ہے جس کی چھان بین کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو صبح گن کر گولیاں دی جاتی ہیں، غفلت برتنے والے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لیکر بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ان کہنا تھا کہ ملزمان مقابلے کے بعد سرکاری اسلحہ پھینک کر فرار ہوئے , جو برآمد کرلی گئی، خاتون کو بڑے ہتھیار کی گولی لگی یا چھوٹے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ایس ایس پی کورنگی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ میاں بیوی کس طرف سے چلنے والی گولی کی زد میں آئے، زخمی خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔


متعلقہ خبریں