’مونس کو وزارت نہ ملنا ق لیگ، پی ٹی آئی میں اختلاف کی اصل وجہ‘

مونس الٰہی اہلیہ

ق لیگ جان بوجھ کر حکومت پر دباؤ بڑھارہی ہے، مسئلہ مونس الہیٰ کو وزیر بنانے کا ہے، ذرائع—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے درمیان اختلافات کی حقیقی وجہ سامنے آگئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ ق لیگ جان بوجھ کر حکومت پر دباؤ بڑھارہی ہے، مسئلہ مونس الہیٰ کو وزیر بنانے کا ہے جب کہ صوبائی اور مرکزی کابینہ میں پہلے ہی ق لیگ کی اچھی نمائندگی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قائدین مونس الہی کو کابینہ کا حصہ بنانے کے مخالف ہیں اور سینئر رہنماؤں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ اگر مونس الہی کو کابینہ میں شامل کیا گیا تو دیگر اتحادی بھی کابینہ میں حصہ مانگیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی بھی حکومت سے ایک ایک وزارت کا مطالبہ کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کی  قومی اسمبلی میں 5 نشستیں ہیں اور ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ وفاقی وزیر ہیں۔

حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کے پاس قومی اسمبلی کی 7 نشستیں ہیں اور ان کے دو وزرا کابینہ کا حصہ ہیں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کی قومی اسمبلی میں 3 نشستیں ہیں اور ان کی رہنما فہمیدہ مرزا وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔ بلوچستان عوام پارٹی(باپ) کی قومی اسمبلی میں پانچ نشستیں ہیں اور ان کی امیدوار زبیدہ جلال وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔


متعلقہ خبریں