سیکرٹری وزیراعلی پنجاب کے نامناسب رویے کے باعث مستعفی ہوا،عمار یاسر



اسلام آباد: صوبائی وزیر عمار یاسر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری راحیل صدیقی کا ہمارے ساتھ بہت برا رویہ ہے تمام ارکان اسمبلی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں اپنے استعفی سے متعلق  گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب اسمبلی  کے تمام اراکین کے  ساتھ  رویہ انتہائی نامناسب ہے اور وہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سیکرٹری توقیر شاہ کی طرح بننا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا اور اپنا استعفیٰ بھی ان کے حوالے کر دیا ہے اب وہ جانیں اور پی ٹی آئی کی قیادت جانے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری وزارت میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اور مجھے کام نہیں کرنے دیا جا رہا میں یہاں کام کرنے آیا تھا اس لیے میں نے استعفیٰ دے دیا۔

جہانگیر ترین کی نااہلی کا پی ٹی آئی کو بہت نقصان ہوا ہے، مظہر عباس

سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ  چوہدری شجاعت حافظ یاسر کے معاملے کو سنبھال لیں گے مگر حکمران جماعت کے چند لوگوں کا اپنے اتحادیوں کے ساتھ ناروا رویہ اپنا ہوا ہے

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لئے عمران خان کی پہلا انتخاب نہیں تھے، جہانگیر ترین کی نااہلی کا پی ٹی آئی کو بہت نقصان ہوا ہے، عمران خان جہانگیر ترین پر بہت اعتماد کرتے تھے۔

مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان نے چوہدری برادران سے ایک درخواست کی تھی کہ وہ نئے وزیراعلیٰ کا ساتھ دیں اور انہوں نے ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے مسائل چل رہے ہیں، ایم کیو ایم کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وفاقی حکومت کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔

مظہر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ وہ 18ویں ترمیم ختم نہیں کر رہی۔

پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے مدت میں توسیع کی حمایت نہیں کرتی ،فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اجلاس میں طے کیا گیا ہے پارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع میں اضافے کی حمایت نہیں کرے گی۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں اس حکومت سے کوئی حمایت نہیں چاہیئے کیونکہ اس حکومت کے بس میں کچھ  نہیں ہے،ہم عوامی مسائل کو پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر اٹھاتے رہیں گے۔

طالبان پر پاکستان کا اثر و رسوخ کا کام نہیں کر رہا،معید یوسف

تجزیہ کار معید یوسف نے کہا کہ طالبان جانتے ہیں کہ وہ یہ جنگ جیت رہے ہیں اس لیے پاکستان کا اثر و رسوخ ان کا کام نہیں کر رہا۔

انہوں نے طالبان کے تعلقات روس اور ایران کے ساتھ بھی ہیں اور وہ پاکستان سے کہ چکے ہیں کہ اگر زیادہ دباؤ ڈالا تو وہ ان ممالک سے مدد حاصل کر لیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ امریکہ اور موجودہ افغان حکومت ایک صفحے پر موجود نہیں ہیں۔خطے میں موجود تمام ممالک بشمول بھارت کے یہ رائے رکھتے ہیں کہ اگر امریکہ کی فوج افغانستان سے نکل گئی تو حالات کشیدہ ہو جائیں گے۔

 ملک میں موجود غیر یقینی کی فضا کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے،ماہر معاشیات فرخ سلیم

ماہر معاشیات فرخ سلیم نے کہا ہے کہ ہمیں معیشت کے لحاظ سے ملک میں موجود غیر یقینی کی فضا کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، برآمدات اور درآمدت کے کاروبار کرنے والے روپے کی گراوٹ کی وجہ سے کاروبار نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اعلان کر دینا چاہیئے کہ آئی ایم ایف کی پاس جا رہے ہیں تاکہ مارکیٹ میں ایک مثبت رجحان جنم لے اور غیر یقینی کی فضا ختم ہو سکے۔


متعلقہ خبریں