ایاز محمود ہاکی ٹیم کی بہتر کارکردگی کیلئے پرامید


کراچی: سابق اولمپئن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کےایسوسی ایٹ سیکریٹری ایاز محمود نے اپنے عہدے کے حوالے سے کہا کہ ایسا ہوتا رہتا ہے، اس میں کوئی انہونی بات نہیں لیکن لوگ شور مچاتے رہتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “گیم پلان” میں میزبان فضیلہ صبا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے عہدے کے حوالے سے کانگریس کا اجلاس ہو گا جس میں ان کے عہدے کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی۔

ہاکی ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے ایاز محمود نے بتایا کہ ٹیم سلیکشن میں انتطامیہ میں موجود دیگر لوگوں کی رائے درکار ہوتی ہے جس میں کوچز شامل ہیں، ہم چاہتے تھے کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو لایا جائے لیکن انتظامیہ کے مطابق سیئنر کھلاڑیوں کوکھلانا ہی بہتر تھا، بدقسمتی سے انتظامیہ کے اس فیصلے کے نتائج آج ہمارے سامنے ہیں۔

اسی حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل میں بہتر نتائج لانے کے لیے ہمیں نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ سابق کھلاڑی اس بات کا شور مچاتے ہیں کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن سب پیسہ کھا گئی جبکہ ہاکی فیڈریشن کا دو مرتبہ آڈٹ ہو چکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پیسے حاصل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے نا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے، ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مستقبل قریب میں ہاکی کے حوالے سے اہم اقدام اٹھائے جائیں گے جس کے بعد ہاکی کے کھیل میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔


متعلقہ خبریں