وفاق پانی کے معاملے پر سندھ سے ناانصافی کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق پانی کے معاملے پر سندھ سے مسلسل ناانصافی کر رہا ہے جب کہ ارسا نے بھی سندھ سے ناانصافی کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی پانی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ زیادتی ہوتی رہی ہے جب کہ ارسا کا پانی کی تقسیم کا نظام ہی غلط ہے۔ پانی کے معاملے پر صرف بلوچستان نے سندھ کا ساتھ  دیا ہے۔

ڈیمز سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی ثابت کر دے کہ بے نظیر کے دور میں کالا باغ ڈیم کے لیے پیسے رکھے گئے تھے یا میں بتاؤں کہ کب کالا باغ ڈیم کے لیے پیسے رکھے گئے تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے چھوٹے ڈیمز نہیں بلکہ بڑے ڈیمز کی ضرورت پڑتی ہے کیونکہ ڈیم بھرنے کے لیے اضافی پانی چاہیے ہوتا ہے اور ڈیم میں پانی اس وقت بھرا جاتا ہے جب پانی اضافی ہو جب کہ یہاں جب ہمیں فصل کے لیے پانی چاہیے ہوتا ہے تو وہ منگلا ڈیم بھر رہے ہوتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اپنی لیڈر شپ اورعوام کو جواب دہ ہوں، میں جے آئی ٹی کے بارے میں بھی بولوں گا لیکن ابھی وقت کم ہے۔

فواد چوہدری سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک شخص کو ٹی وی پر دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں یہ ابھی پرویز مشرف کی تعریف کرے گا یا پھر چودھری شجاعت اور یوسف رضا گیلانی کی تعریف کرے گا لیکن پھر وہ شخص کسی اور کی تعریف کرنے لگتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور سندھ کی عوام آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر یقین رکھتے ہیں۔ پیپلز پارٹی پورے پاکستان میں حکومت بنائے گی اور پھر یہ عارضی چیزیں ختم ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ باب السلام ہے اور پاکستان بنانے کی قرار داد سب سے پہلے سندھ اسمبلی سے ہی منظور ہوئی تھی۔ پیپلزپارٹی میں دراڑ ڈالنا تو دور کی بات کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا جب کہ 2018 میں عوام نے پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دی ہیں۔


متعلقہ خبریں