عدالت نے ملک بھر میں بڑھتی آلودگی سے متعلق کیس نمٹا دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ملک بھر میں بڑھتی آلودگی سے متعلق کیس نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بڑھتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ ڈاکٹر پرویز حسن کی خدمات کو سراہا۔

دوران سماعت  ڈاکٹر پرویز حسن نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی ایک اہم معاملہ تھا جو آپ نے اٹھایا۔ ہوسکتا ہے نئے چیف جسٹس مجھے بطور ماحولیات کمیشن کام جاری نہ رکھوانا چاہیں۔

ڈاکٹر پرویز حسن نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پورے ملک کا مسئلہ ہے جس کو حل کرنے میں وقت لگے گا، پتہ نہیں نئے چیف جسٹس مجھے کام جاری رکھنے دیں یا نہیں، لہذا مجھے اس ذمہ داری سے ہٹا دیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں نئے چیف جسٹس سے بات کروں گا، آپ نے آلودگی کو کم کرنے کے سلسلے میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ لاہورمیں ماحولیاتی آلودگی میں کافی حد تک واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز حسن نے اس معاملے پر شاندار کام کیا ہے، انہوں نے جسٹس اعجاز الاحسن کو فیصلہ لکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈاکٹر پرویز حسن کو ماحولیاتی آلودگی سے متعلق بنائے گئے کمیشن کا  سربراہ مقرر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں