عمران خان اپنی بہن کی جائیداد پر جے آئی ٹی بنوائیں، سعید غنی


کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خود اپنی بہن کی جائیداد سے متعلق جے آئی ٹی بنائی اور اس میں اراکین پارلیمنٹ کو رکھا جائے تاکہ ملک کے سامنے علیمہ خان کے ذرائع آمدن آسکیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں جب کہ سب سے زیادہ وزیر اعلیٰ سندھ ہی فعال ہیں جب کہ عمران خان پریشان ہے کہ انہوں نے نااہل افراد کو ذمہ داریاں دے دی ہیں جو کچھ بھی کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ پر لگنے والے تمام الزامات ہوائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری لوگوں کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے لوگ ان سے رابطے میں ہیں حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کے تمام نمائندے پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کرتی رہے لیکن ہم تحریک انصاف کی کرپشن اور چوری کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پیپلزپارٹی کبھی بھاگی نہیں ہے اور نہ ہی ہم نے پارٹی بدلی ہے۔

صوبائی وزیر نے نیب تحقیقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لوگوں کی تحقیقات بھی کروائے جب کہ وزیر اعظم سمیت جن پر الزامات ہیں اُن کے نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے جائیں۔ لیاقت جتوئی ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود ملک سے باہر چلے گئے۔ حکومتی نمائندوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

گیس سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کو آئینی طور پر جو گیس ملنی چاہیے تھی وہ نہیں مل رہی ہے اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں