پیپلز پارٹی عوام کو بے وقوف بنانا بند کر دے، فیاض الحسن چوہان


لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کر دے۔ جو پاکستان کے خزانے کو اپنا مال سمجھ کر لوٹے گا اس کے خلاف نیب اور سپریم کورٹ کارروائی کرے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کا ہی لایا ہوا ہے جب کہ تحریک انصاف نے تو نیب میں ایک نائب قاصد بھی بھرتی نہیں کرایا۔ نیب اور سپریم کورٹ آزاد ادارے ہیں اور قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے گئے 172 نام جے آئی ٹی کے سربراہ نے وزارت  داخلہ کو بھیجے تھے اور جے آئی ٹی حکومت نے نہیں عدالت نے بنائی ہے جب کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں جے آئی ٹی کا ذکر کیا ہے حکومت کا نام نہیں لیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید سمیت دیگر کے مقدمات کو عدالت نے نیب کے حوالے کیا ہے اور نیب دو ماہ بعد اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کرے گی جس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دینا ہے۔ اس لیے پیپلزپارٹی زیادہ خوش فہمی میں نہ رہے۔

ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کو مجبوری کے تحت پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ یہ کڑوی گولی تھی جو ہم نے مجبوراً نگلی ہے۔ ہم بھی اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 سال میں مولانا فضل الرحمان کو پہلی بار اپنی جیب سے کھانا پڑ رہا ہے اس لیے وہ بہت پریشان ہیں ورنہ وہ اپنے سارے مفادات سرکاری خزانے سے پورے کرتے تھے۔

نجی ٹی وی چینلز اور اخبارات سے ملازمین کو زبردستی نکالنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی چینلز اور اخبارات پرائیویٹ سیکٹرز ہیں وہ کاروبار کر رہے ہیں اور اُن کی اپنی پالیسیز ہیں۔


متعلقہ خبریں