پیرس میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاج

فوٹو: ہم نیوز


پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔

پیرس میں ییلو ویسٹ نامی تحریک کے حامیوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہاتھوں میں جھنڈے اور بینرز اٹھا کر احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ مظاہرین نے اس دوران حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی اور ناکامی پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مشتعل مظاہرین نے متعدد موٹرسائیکلیوں کو آگ لگا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں گزشتہ آٹھ ہفتوں سے مظاہرین کی جانب سے ہر ویک اینڈ پر احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ ییلو ویسٹ نامی تحریک کے ترجمان نے اپنے ایک کھلے خط کے ذریعے لوگوں سے حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی ہے۔

فرانس میں 17 نومبر سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک تقریباً دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں