ٹنڈو آدم: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو جعلی چیک دینے پر تین سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
سول جج ٹنڈو آدم کامران کلہوڑو کی عدالت میں جمعرات کو دیوان سچا نند کے خلاف جعلسازی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کو سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے انہیں احاطہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا گیا۔
دیوان سچا نند نے پانچ سال قبل کاروباری لین دین پر سیٹھ ایوب راجپوت نامی ایک شخص کو ایک کروڑ کا چیک دیا جو باؤنس ہو گیا تھا۔ جس کا مقدمہ ٹنڈو آدم کے سٹی تھانے میں درج تھا جب کہ دیوان سچا نند ضمانت پر رہا تھے۔
دیوان سچانند اقلیتی مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی (ایم پی اے) منتخب ہوئے ہیں۔
سزا سنائے جانے کے بعد دیوان سچا نند نے کہا کہ اُن پر غلط مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم وہ سزا کے خلاف اپیل کریں گے جب کہ جمعہ کو عدالت سے ضمانت کرائیں گے۔