کراچی میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے والے گروہ کاانکشاف


کراچی میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے والا ایک اور منظم گروہ بے نقاب ہوگیا۔ پولیس ،ایف سی اہلکار اور سرکاری ملازمین کے ساتھ گروہ میں شامل اسلحہ ڈیلر سمیت نو ملزموں کو گرفتار کرلیاگیا۔

ڈی آئی جی سی آئی اے عارف حنیف نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ملزموں کے گروہ میں سندھ پولیس کا حاضر سروس اہلکار،ایف سی اہلکار اور سرکاری ملازم واسلحہ ڈیلرز شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتاری سے قبل پولیس نے خفیہ انداز میں کام کرنے والے گروہ سے جعلی لائسنس بھی بنوایا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی برس سے متحرک گروہ کے کارندوں کی مختلف ذمہ داریاں تھیں۔پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل سعید نواز اسلحہ ڈیلرز سے خریدار کے کوائف لاتا اور دستاویزات آفس سپرینٹنڈنٹ کوفراہم کرتا تھا،ملزموں کے جعلی لائسنسوں کی نادرا میں تصدیق سے متعلق پولیس تحقیقات کررہی ہے۔

ایس ایس پی اے وی سی فدا حسین کا کہنا تھا کہ گروہ میں شامل مزید آٹھ سے دس افراد کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

کراچی میں دسمبر 2017 میں بھی رینجرز نے لیاقت آباد سے جعلی اسلحہ لائسنس بنانے والا گروہ گرفتار کیا تھا جس میں سندھ ریزور پولیس اور اسپیشل برانچ کے دو افسروں کے ساتھ رینجرز کا حوالدار بھی شامل تھا۔ رینجرزنے آٹھ ملزمان سے سات سے آٹھ ہزارجعلی اسلحہ لائسنس بھی برآمد کئے تھے۔


متعلقہ خبریں