راولاکوٹ: آزاد جموں کشمیر لیجسلیٹو اسمبلی کے حلقہ ایل اے 19 راولاکوٹ تین یر غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار حسن ابراہیم کامیاب ہوگئے ہیں۔
یہ نشست جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سابق سربراہ سردار خالد ابراہیم کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
اس حلقہ میں کل 6امیدوار مد مقابل تھے۔ جن میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار حسن ابراہیم، پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سابق صدر ریست سردار یعقوب خان، حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کےامیدوار طاہر انور، نیشنل عوامی پارٹی کے لیاقت حیات، راہ حق پارٹی کے مفتی نوید اور آزاد امیدوار اجمل افسر چناﺅ شامل تھے۔
حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 92,427 ہیں جس میں 49455 مرد ووٹرز اور 42972 خواتین ووٹرز ہیں۔ پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کے لیے 600 رینجرز اور دو ہزار پولیس اہل کاران تعینات کیےگئے تھے اور 111پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے تھے۔
پولنگ عمل کی نگرانی کے لیے26ڈیوٹی مجسٹریٹ بھی تعینات کیے گئے تھے جبکہ الیکشن کمیشن نے نتائج کے حصول کے لیے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا تھا۔
جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم کی وفات سے خالی ہونے والی نشست حلقہ ایل اے 19 میں ضمنی انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار حسن ابراہیم کامیاب ہوگئے ہیں۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے موصول ہونے والے دستاویز کے مطابق جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار حسن ابراہیم خان 17 ہزار 590 ووٹ حاصل کرکے ضمنی انتخاب کا میدان مار لیا۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر سردار یعقوب خان نے 16 ہزار 776 ووٹ حاصل کیے جبکہ حکمراں جماعت ن لیگ کے امیدوارسردار طاہر انور نے 10255 ووٹ حاصل کیے۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 92 ہزار 427 تھی۔
ریاست میں موجود حکمراں جماعت ن لیگ اپنی پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر قیادت کو ضمنی انتخاب میں جیت کا تحفہ دینے میں ناکام رہی۔
چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے بھی ضمنی انتخاب کے دن حلقے کا دورہ کیا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کیے اقدامات اور سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔