’ملک کے لیے کام کرنے والوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا‘


کشمور: سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جس نے بھی ملک کے لیے کام کیے اسٹبلشمنٹ نے اس کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔ میں نے کامیابی کے ساتھ پانچ سال حکومت کی۔

کشمور میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی دو مرتبہ حکومت گرائی گئی۔ بھٹو کو شہید کیا گیا لیکن پیپلزپارٹی کو ختم نہیں کیا جا سکا کیونکہ ہم دھرتی اور عوام کی خاطر لڑ رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں صرف پاکستان کے لیے کام کیا۔ اٹھارویں ترمیم سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوا ہے اور صوبوں کو حق دیا جائے گا تو نقصان نہیں ہو گا اور یہاں تو سوچ یہ ہے کہ اگر صوبوں کو حق دو گے تو نقصان ہو گا۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ماضی میں تمام کام مفاہمت کے ساتھ کیے۔ بینظیر بھٹو نے میرے لیے فرض چھوڑا تھا میں اسے پورا کر رہا ہوں جب کہ میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی کیا ضرورت تھی، حکومت نے اگر ڈرامے کرنے ہیں تو کرتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں سے گیس نکل رہی ہے پہلے اس کو حق دینا چاہیے اور آپ کہتے ہیں کہ جہاں پٹرول پمپ لگے گا وہ بھی ہمارا ہو گا۔ ایک وقت آئے گا کہ سندھ اپنی گیس کمپنی لگا کر گیس بنائے گا۔

سابق صدر نے کہا کہ تم نے صرف بینڈ بجانا ہے تو بجاؤ اس سے مرا ووٹر متاثر نہیں ہوتا ہے جب کہ میں نے تو ضمانت کے وقت ہی پاسپورٹ جمع کرا دیا تھا مجھے باہر جانے کی کیا ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں