“یہ ہے نیا پاکستان”

فوٹو: ٹوئیٹر


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے تصویر ٹویٹ کی ہے۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہے نیا پاکستان، ایک تصویر جس کی قدر ہزار الفاظ سے زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو سراہتے آئے ہیں، جب ناقدین کی جانب سے عثمان بزدار کو سیاسی نااہلیت کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو وزیر اعظم نے وسیم اکرم اور انضمام الحق سے تشبیہ دے کر ان کا دفاع کیا تھا۔

اس سال اگست میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی وجہ پاکستان تحریک انصاف کا وہ نظریہ ہے جس کے تحت پی ٹی آئی غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر لے کر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نامزد وزیراعلیٰ کا تعلق پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) سے ہے جہاں نہ ڈاکٹر ہے، نہ صاف پانی اور نہ ہی بجلی، عثمان بزدار کے چناؤ کی وجہ بھی یہی ہے۔

سردارعثمان بزدار

سردارعثمان بزدار کے  والد فتح محمد بزدار اپنے آبائی علاقے کے سردار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاست دان بھی ہیں، عثمان بزدار جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا بھی حصہ رہے ہیں۔

فتح محمد بزدار 1985 میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 3 بار انتخاب جیت چکے ہیں۔

فتح محمد بزدار 2002 میں مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تو عثمان بزدار تحصیل تونسہ شریف کے ناظم بنے، 2008 میں فتح محمد بزدار مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر دوبارہ منتخب ہوئے تاہم فارورڈ بلاک کا حصہ بن کر بعد میں مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرلی۔

بزدار خاندان 2013 میں مسلم لیگ نون کے پلیٹ فارم سے الیکشن دنگل میں اترا تو پیپلزپارٹی کےنظام المحمود کے ہاتھوں شکست کھانا پڑی جبکہ  2018 کے حالیہ انتخابات سے قبل بزدار خاندان جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہوا جس کے بعد پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب کے انضمام کے بعد عثمان بزدار پہلی بار انتخابی سیاست میں سامنے آئے۔

انہوں نے پی پی 286 ڈی جی خان ٹو سے 26 ہزار 897 ووٹ لیکر آزاد امیدوار خواجہ نظام المحمود کو شکست دی۔


متعلقہ خبریں