جھوٹے دستاویزات سے ڈرایا، دھمکایا نہیں جاسکتا: زرداری

جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری، بلاول نے نیب میں جواب جمع نہیں کرایا

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جھوٹے دستاویزات کے ذریعے ہمیں ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی زیرصدارت سینیئر رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔

بلاول ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم پر جتنا ظلم کیا جائے گا، ہم برداشت کا بھی اتنا حوصلہ رکھتے ہیں، ہم اِتنا برداشت کریں گے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشکل حالات سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم مشکل حالات میں ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر اُبھرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کو مشکل وقت نہیں سمجھتا، مشکل وقت وہ تھا جس کا سامنا شہید بی بی نے کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بی بی نے ضیاء جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یوم شہادت بھرپور عقیدت و احترام سے منائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران پارٹی کی نئی حکمت عملی تشکیل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے، ایک طرف پانی و گیس بند، دوسری جانب صوبائی حکومت کو فنڈز بھی نہیں دیئے جاتے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم بھی چلائی گئی، شہید بھٹو نے ملک کو 1973ء کا آئین دیا، آمروں نے متفقہ دستور کا حلیہ بگاڑدیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973ءکے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، اس معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو عوام گڑھی خدابخش میں جمع ہو کر سازشی عناصر کو شکست فاش سے ہمکنار کریں گے۔

اجلاس میں خورشید شاہ، قائم علی شاہ، قمر الزمان کائرہ، نثار احمد کھوڑو، مراد علی شاہ ،علی مدد جتک، ہمایوں خان، چوہدری لطیف شریک تھے۔


متعلقہ خبریں