فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت میسر نہیں۔ اس بات کا عملی مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک خاتون مریضہ کو مجبوراً گدھا گاڑی پر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد کی رہائشی خاتون کو طبیعت بگڑنے پر ٹی بی اسپتال پہنچانے کے لئے گدھا گاڑی کا سہارا لیا گیا۔مریض کے لواحقین کا کہنا ہے کہ گھر کے قریب ریسکیو اسپاٹ موجود ہے مگر آج وہاں ایمبولینس موجود نہیں تھی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی انچارج احتشام واہلہ کا کہنا ہے کہ فیملی کی جانب سے ریسکیو ہیلپ لائن پر کال نہیں کی، نشاط آباد اسپاٹ پر ایمبولینس کیوں موجود نہیں تھی اس پر بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے کئی بار کہا ہے کہ صحت جیسی بنیادی سہولت کو غریب عوام کی دسترس میں لانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں انہوں نے ہیلتھ کارڈ کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں پورے ملک میں دو کڑوڑ سے زائد افراد کو ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے۔
پاکستان صحت کارڈ ملک کے تمام اضلاع میں دو ڈالر سے کم آمدن والے غریب خاندانوں تک پھیلایا جائے گا۔ صحت کارڈ مرحلہ وار تین سال میں تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا، اس منصوبہ پر سالانہ 25 سے 30 ارب روپے خرچ ہوں گا۔ ہیلتھ کارڈ پر ملک بھرکے 157 اسپتالوں میں آپریشن سمیت ہر طرح کے علاج کی مفت سہولت میسر ہوگی۔