مری: خاتون سیاح سے بدتمیزی، 6 ملزمان گرفتار


ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سیاح خاتون اور اہل خانہ پر تشدد کے واقعہ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مری میں تمام ہجوم والے مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ ڈولفن فورس بھی ڈیوٹی سر انجام دے گی، سیاحوں کی سہولت اور شکایات کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کردیا۔

اس سے قبل مری میں سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی اور لڑائی جھگڑے کے بعد ہوٹل ایجنٹس کے خلاف دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ’بائیکاٹ مری‘ مہم دوبارہ شروع کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز احمد کھچی نے مری کی سیاسی سماجی و کاروباری شخصیت کو اجلا س کے لیے طلب کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے ہوٹل ایجنٹس کے خلاف کارروائی نہ کی تو پھر مزید اقدامات کریں گے، سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کے لیے جلد ہی اسنو فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گائیڈ سیاحوں کر زبردستی اپنے ہوٹل جانے پر مجبور نہیں کر سکتے، ہوٹل گائیڈ کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر ہوٹل گائیڈ کو گرفتار کر لیا جائے گا ، یہی نہیں تمام گائیڈز کو اپنے ناموں کے بیجز لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مری آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیاحوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ سال مری میں سیاحوں کے ساتھ مقامی افراد کے ناروا سلوک اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف پورے ملک میں ’’بائیکاٹ مری‘‘مہم سوشل میڈیا پر شروع کر دی گئی تھی۔

مہم کے باعث مری کی سڑکیں، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں سے ویران ہو گئے۔ مری میں پیش آئے ناخوشگوار واقعے نے ملک بھر کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔


متعلقہ خبریں