راولپنڈی: وفاقی وزیرصحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ غریب افراد کے لیے ہیلتھ انشورنس کارڈ لا رہے ہیں۔ رواں ماہ کے آخر تک دو کروڑ افراد کو ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے۔
راولپنڈی میں فوارہ چوک پر شیلٹر ہوم کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیلٹر ہوم 23 ہزار ا ایکڑفٹ پر مشتمل ہے اور مستقبل میں ایک چار منزلہ عمارت بھی بنارہے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال کے مریضوں کے تیماردار بھی یہاں پر رک سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیلٹرہومز میں تمام سہولتیں دی جائیں گی جبکہ شیلٹر ہومز کی تمام ذمےداری صوبائی حکومتوں پر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بینظیر بھٹو اسپتال کے واقعہ کا بھی نوٹس لیا ہے اور مجھے وزیراعظم کا فون آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال سے کہا ہے کہ جو بھی فیصلہ میرٹ پر ہو۔ ہم میرٹ پر فیصلہ کرنے والے افسران کے ساتھ ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا اچھی چیزوں کو سپورٹ کرے۔ دسمبر کے آخر تک دو کروڑ آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ شہر کی سب سے اہم ضرورت ہے اور اس سے شہر بھر کی ٹریفک درست ہوگی۔