16 دسمبر ہمیں سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں اس سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جس روز معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کیا اور قوم میں دہشت گردی کے خلاف وحدت کو جنم دیا۔

سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ  قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وہ قیمت ادا کی جس کا کوئی تخمینہ نہیں لگا سکتا۔

سربراہ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی اور بے انتہا معاشی نقصانات اٹھائے، اگر کوئی موردِ الزام ٹھہراتا ہے تو ان پر واضح ہو کہ نقصانات کے باوجود ہم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لئے پرعزم ہیں۔


وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کی اس جنگ کی سب سے بھاری قیمت ہماری افواج، سپاہیوں، نہتے شہریوں نے ادا کی۔ افواج پاکستان اور دیگر اداروں نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سرانجام دیا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کو ایسا معاشرہ بنائیں گے جہاں فرقہ واریت، مذہب و لسانیت تفریق نہیں ہوگی، ملک میں کسی بھی طرز پر انتہا پسندی اور تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ  سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، شہیدوں کوخراجِ عقیدت اور شہدا کے غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ اے پی سی کے شہدا کی بلند درجات کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانی نے قوم کو بیدار اور متحد کیا ہے۔ قوم اے پی ایس کے شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے لڑنے پر پاک فوج سمیت تمام سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی معترف ہے اور سانحہ اے پی ایس ایک قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ قوم عہد کرے کہ ملک میں انتہا پسندی کا راستہ ہمیشہ کے لیے روکنے کے لیے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہے گی۔

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی برسی پر چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وہ قیمت ادا کی جس کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

وزیر اطلاعات نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ہمارے اس عزم کا واضح اورناقابل تردید ثبوت ہے کہ معصوم بچوں سے لے کر خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، غیرمسلموں سمیت پوری پاکستانی قوم نے دہشر گردی کے خلاف مزاحمت کی جرات مندانہ اور درخشندہ مثال قائم کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اے پی ایس پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ معصوم طلبہ کا خون قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا، جب تک دہشتگردی کا عفریت، اس کے مددگاروں اور سہولتکاروں کا ملک سے صفایا نہیں ہوتا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ سانحہ پاکستان اور اس کی عوام کے لیے ہمیشہ ایک صدمہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی سانحہ کے متاثر والدین اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمنوں کے ساتھ کسی فرد یا گروہ نے ظاہری یا خفیہ طور نرمی برتی تو قوم برداشت نہیں کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آرمی پبلک اسکول پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمود نےشرکت کی۔

آرمی پبلک اسكول پشاور میں منعقدہ تقریب میں شہدا کے رشتہ داروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

اے پی ایس کے شہدا کی آج چوتھی برسی منائی جا رہی ہے۔ برسی کے موقع پر مختلف تقریبات میں شہدا کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

پشاور سمیت مختلف شہروں میں شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ مختلف سیمینارز اور تقریبات میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم شہدا کو خراج عقید ت بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔

شہدا کی چوتھی برسی کے موقع پرملک بھر میں سیاسی و سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی، این جی اوز اور تعلیمی اداروں كے زیر اہتمام مختلف تقریبات كا اہتمام كیا گیا جن میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی كی گئی۔

16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردوں نے 132 معصوم طلبا اوراسٹاف سمیت 148 افراد کوشہید کیا تھا۔

آرمی پبلک اسکول پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے گروپ اور ان کے سہولت کار اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکے ہیں جن میں سے 7 دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ 8 کوپھانسی کی سزا دی گئی۔

سانحہ اے پی ایس کی تیسری برسی پر 50 سرکاری اسکولوں کو شہدا کے ناموں سے منسوب کیا گیا تھا جس کا مقصد انہیں خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں