لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کے خون کی تجزیاتی رپورٹ میں سرطان کا باعث بننے والے اجزاء کی موجودگی کا ایک بار پھر انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرو موگرینن اے اجزاء کی موجودگی معمول سے کئی گنا زیادہ پائی گئی ہے۔
شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ ان کی ایک میڈیکل رپورٹ میں ان کے سینے میں گلٹیوں اور گردے متاثر ہونے کا بھی انکشاف ہوا تھا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں اِن دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔