ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہیڈ کوچ توقیر ڈار مستعفی


لاہور: ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

بیلجیئم کے ہاتھوں 0-5 سے شکست کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ کا اختتام ہوگیا تھا۔ ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص اور مایوس کن رہی اور وہ ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں ایک ہی پوائنٹ حاصل کرپائی جو اسے گروپ ڈی کے ایک میچ میں ملائشیا کے خلاف میچ برابر کرنے پر ملا تھا۔

اس کے علاوہ پاکستان کو جرمنی کے ہاتھوں 0-1 اور نیدرلینڈز کے ہاتھوں 1-5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جمعے کے روز میڈیا سے گفتگو میں توقیر ڈار نے کہا کہ پاکستان ہاکی اس وقت دنیا میں تیسرے درجے کی ہاکی کھیل رہی ہے، پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ کی طرح اس (بیلجیئم کے خلاف) میچ میں بھی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور ہاکی ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہ جیت پائی، ہاکی میں بہتری کے لئے ٹیم میں تبدیلی لازمی ہے۔

توقیر ڈار نے کہا کہ فیڈریشن حکام کو پہلےہی بتادیا تھا کہ صرف ورلڈکپ کیلئے دستیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہاکی پر توجہ نہیں دینا چاہتی تو اس کو بند کردینا چاہیے جس سے کم از کم ہاکی کا یادگار ماضی لوگوں کی نظروں میں رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت سے پہلے بھی بھیک مانگنا پڑی لیکن اس وقت حکومت نے نہیں پوچھا تک نہیں، سابق اولمپئنز نے ہاکی فیڈریشن کو جاب سینٹر بنا رکھا ہے۔

پی ایچ اے کے صدر خالد کھوکھر کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن تمام کوچز، منیجرز، کپتان اور سینئر کھلاڑیوں سے بات کرے گی جبکہ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری بھی انکوائری کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 8 سال کے طویل انتظار کے بعد ہاکی کے میگا ایونٹ میں شرکت کی تھی تاہم خاطر خواہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے میں ناکام رہی جس کے باعث شائقین ہاکی میں بھی غم و غصہ پایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں