پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج، کراچی کا درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک تاہم پنجاب کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں اور بعض مقامات پر حد نگاہ صفر رہ گئی ہے۔

پنجاب کے علاقے کوٹ ادو، جہانیاں اور حافظ آباد جمعہ کے روز شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے حد نگاہ میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دھند کی بدولت ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور ٹریفک پولیس نے غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

پیٹرولنگ پولیس نے ڈارئیورز حضرات کو ہدایت کی ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار آہستہ رکھیں اور قطار میں چلیں۔

لاہورمیں مطلع صاف ہونے کے باوجود صبح کے وقت سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور موسم آئندہ 24 گھنٹوں تک سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعہ کی صبح سورج نکلنے کی باوجود خنکی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے بالائی و میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

یخ بستہ ہوائیں چلنے کے سبب شمالی بلوچستان رواں موسم سرما کی شدید سردی کی لپیٹ میں آگیا ہے اوروادی زیارت کا دررجہ حرارت منفی 5 تک گر گیا ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق سندھ  کے تمام علاقوں میں جمعہ کے روز بھی موسم خشک اور سرد رہے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

عبدالرشید کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں رات کے وقت تیز ہوائیں چلیں گی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں