خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ



اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا۔ اپوزیشن نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک اسمبلی سے واک آؤٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف ایوان میں پہنچے تو مسلم لیگ نون کے اراکین نے نعرے لگا کر شہباز شریف کا استقبال کیا۔

اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو دو روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کیا ہے لیکن ابھی تک اُن کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔

شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں تاکہ وہ اجلاس میں شریک ہو سکیں۔

قائد حزب اختلاف کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے آپ کی درخواست موصول ہو گئی ہے اور میں ماہرین سے قانونی رائے لے رہا ہوں۔ میں ہاؤس کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دوں گا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤس کا تقدس قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم نے حکومت کو اپوزیشن اور اپوزیشن کو حکومت بنتے دیکھا ہے۔ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا اختیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمہوریت میں دو طرفہ مؤقف کو سنا جاتا ہے لیکن اگر ہم روزانہ ہی ہاؤس میں ہنگامہ کریں گے تو معاملات نہیں چل سکیں گے۔ حکومت کی طرح اپوزیشن کی بھی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایوان کے اندر جو بات کی جاتی ہے اس کی اپنی اہمیت ہوتی ہے جب کہ دونوں طرف سے ایک سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے ورنہ اسمبلی میں قانون سازی نہیں ہو سکے گی اور اگر قائد ایوان کو نہیں سنا جائے گا تو قائد حزب اختلاف بھی نہیں بول سکیں گے۔

ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کا اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ہوتا ہے۔ میرے دور میں جن اراکین کو اسمبلی میں آنے سے روکا گیا میں نے مخالفین کے باوجود اُن کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔

خواجہ سعد رفیق اپنی جماعت میں اور باہر بھی جمہوریت کے لیے لڑتے رہے ہیں اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے سعد رفیق کا ایوان میں آنا ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں اپنی مرضی سے چلتا ہوں اور اسمبلی کے قوانین کی پابندی کرتا ہوں۔

اپوزیشن اراکین نے کہا کہ اگر ہمارا ساتھی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا تو پھر ہم بھی اس ہاؤس کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جانے پر اپوزیشن اراکین نے اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔


متعلقہ خبریں