لاہور، پی پی -168 کا میدان پی ٹی آئی کے اسد کھوکھر نے مارلیا

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: پی پی- 168 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار اسد کھوکھر نے پی ایم ایل (ن) کے امیدوار رانا خالد کو شکست دے دی۔

ہم نیوز کو پی پی – 168 کے تمام 83 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج موصول ہوگئے ہیں جس کے تحت پی ٹی آئی کے ملک اسد کھوکھر کو 687 ووٹوں سے برتری حاصل ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسد کھوکھر نے 17579 ووٹ حاصل کیے جب کہ پی ایم ایل (ن) کے رانا خالد کو 16892 ووٹ ملے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار اسد کھوکھر نے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جیت کو وزیراعظم عمران خان کے نام کرتا ہوں۔

اسد کھوکھر نے کہا کہ اپنے قائد عمران خان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اعتماد کیا اورموقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لاہور کا سب سے پسماندہ ترین حلقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے عوام کو عمران خان نے جگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کامیابی کے بعد اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ حلقے کی عوام کی امیدوں پر پورا اتر سکوں۔

اسد کھوکھر نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار ہارنے کے صدمے کی وجہ سے بھونڈے الزامات عائد کررہے ہیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ جتنے میرے ووٹ نکلے ہیں آکر دیکھ لیں اتنے ہی کارکنان بھی نظر آٸیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اپنے انتخابی امیدوار کی جیت پر بھرپور انداز میں جشن منایا اور کامیابی کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔

پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار اسد کھوکھر کی کامیابی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ان کی پالیسیوں پر بھرپوراعتماد اور بھروسہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اب تک کی شاندار حکومتی کارکردگی کے باعث ضمنی انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی دراصل نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کا نتیجہ مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام شفاف اورعوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی -168 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت طے شدہ شیڈول کے مطابق شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہونے کے بعد شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کےجاری رہی۔

پی پی- 168 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا خالد قادری ایڈووکیٹ جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملک اسد علی کھوکھر مد مقابل تھے۔

آزاد امیدواروں سمیت پی پی -168 پر کُل گیارہ امیدوار انتخابی میدان میں موجود تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا۔

حلقہ پی پی- 168 پر کُل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار نو سو 12 تھی۔ حلقے میں 83 پولنگ اسٹیشنز اور 262 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے جن میں سے 16 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

صوبائی اسمبلی کے حلقے میں فیروز پور روڈ کے اطراف، چونگی امر سدھو،  کوٹ لکھپت، باگڑیاں، چندریاں، ریس کلب اور کنٹونمنٹ وارڈ نمبر دس کے علاقے شامل ہیں۔

پی پی – 168 کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بحیثیت رکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے کے بعد خالی کی تھی۔

ضمنی انتخاب میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔


متعلقہ خبریں