نواز، شہباز کی منسٹر کالونی میں ملاقات

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور اپنے بھائی شہباز شریف سے منسٹر انکلیو میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد شہباز شریف  قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولے کہ نواز شریف سے ملاقات میں والدہ کے بارے میں جانا، اہلخانہ کے بارے میں بات چیت کی اور نیب کیسز پہ بھی بات ہوئی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پی اے سی کی صدارت کے بارے میں بھی بات کی۔

ذرائع کے مطابق شریف برادران نے اپوزیشن جماعتوں کے نیب کے خلاف تحفظات پر بھی بات کی اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور احتساب عدالت میں زیر سماعت مقدمات پر بھی  تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات سے پہلے ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے خواجہ برادران کی گرفتاری کے بعد دونوں پارٹی رہنماؤں کی ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نیب نے نوازشریف کی بھائی سے ملنے کی درخواست قبول کی تھی۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ منسٹرانکلیو میں اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی شہبازشریف نے اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی تھی اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نواز شہباز ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کے نیب کے خلاف تحفظات پر بھی بات ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور احتساب عدالت میں زیر سماعت مقدمات پر بھی دونوں بھائی تبادلہ خیال کریں گے۔


متعلقہ خبریں