بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

فائل فوٹو


­­­اسلام آباد: ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم سرما کی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز بھی پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب ہلکی بارش ہوئی تاہم آج صبح سورج نکلنے کے باوجود سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے تمام اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا جب کہ آئندہ دو روز تک کہیں بھی بارش یا برفباری کا امکان نہیں ہے۔

سندھ کے تمام اضلاع میں بدھ کے روز موسم خشک رہے گا اور آئندہ دو روز تک کہیں بھی بارش کا امکان نہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پارا چنار میں 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں