گیس بندش، سی این جی ڈیلرز کا احتجاج کا اعلان


کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے گیس کی فراہمی معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ایس ایس جی سی کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز کو غیرمعینہ مدت تک گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے باعث کراچی میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔

موجودہ صورتحال پر چیئرمین سی این جی ڈیلرزایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کل سے ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ روز روز کی سی این جی بندش سے کاروبار تباہ ہوگیا ہے۔

سی این جی ڈیلرزایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں شاہراہ فیصل بلاک کرنے دھمکی بھی دی ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت تک گیس کی فراہمی بند رکھی جائے گی جبکہ بجلی پیدا کرنے والی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔

سوئی سدرن حکام نے بتایا کہ سندھ میں تین گیس فیلڈز بند ہونے کے باعث صوبے میں گیس کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ایس ایس جی سی کے مطابق فیصلے کا مقصد کمرشل اور گھریلو صارفین کی بلا تعطل گیس کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔


متعلقہ خبریں