کشمیر میں بھارتی ظلم نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،صادق سنجرانی


اسلام آباد: قائمقام صدر صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم  کے پہاڑ توڑ رہی ہیں جو کسی طور قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی آزادی تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی اداروں کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو تسلیم کیا گیا ہے۔

صادق سنجرانی  کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے موجودہ حکومت کی پالیسی واضح اور دوٹوک ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں کے مطابق چاہتے ہیں۔

صادق سنجرانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی سخت مذمت کی اورکہا کہ قابض فوج کے ہتھکنڈوں سے صرف کشمیری عوام کے عزم کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا  کہ وہ کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل میں اپنا کردار ادا کرے اور  نہتے کشمیریوں پر تشدد اور ان کے قتل عام کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ  کشمیریوں کا سفاکانہ قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کے غیر انسانی چہرے کا عکاس ہے لیکن بھارت کے بزدلانہ اقدامات سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کی انتہا کر دی ہے آئے روز نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کشمیریوں کی حمایت پر قائمقام صدر صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں