سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی تھم نہ سکی، بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروسز کے مطابق تینوں نوجوانوں کو سری نگر کے علاقے مجگنڈ میں شہید کیا گیا۔
بھارتی فوج نے سرچ آپریشنز کی آڑ میں نوجوانوں کو شہید کیا اور دوران آپریشن پانچ گھر دھماکے سے اڑا دیے۔
واقعے کے بعد علاقے میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کر دی گئی ہے۔
بھارتی فوج کا آپریشن اب بھی جاری ہے۔
یاسین ملک جیل منتقل
دوسری طرف بھارتی فوج نے حریت رہنما یاسین ملک کو اسپتال سے کوٹھی باغ جیل میں منتقل کردیا۔
یاسین ملک کمر کے درد کی وجہ سے سورا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز میں زیرِ علاج تھے، وہ 19 نومبر سے قابض فوج کی غیرقانونی حراست میں ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے اس سے قبل تین دسمبر کو ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کے نام پر ایک گھر کو دھماکے سے اڑا دیا تھا اور پرامن کشمیری مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ کی تھی۔
نومبر 2018 میں بھارتی قابض فوج نے 48 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔ جن میں تین خواتین اور دو بچے شامل تھے۔
بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشنز کی آڑ میں مظلوم کشمیریوں کے 26 گھر تباہ کر دیے تھے۔