کراچی میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام محفل میلاد میں دھماکہ، 6 زخمی


کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے زیر اہتمام محفل میلاد کے دوران دھماکے کے نتیجے میں پارٹی کنوینر اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کے کوارڈینیٹر سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق یہ دھماکہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی پرفیوم چوک پر ہوا۔ زخمیوں کی شناخت فیضان، حسن زمان، شہریار، سمینہ خاتون، مرسلین اور بابر کے نام سے ہوئی ہے جن میں بابر خالد مقبول صدیقی کا کوارڈینیٹر ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ محفل میلاد کے قریب کریکر بم سے حملہ کیا گیا، ابتدائی اطلاعات ہیں کہ پانچ سے چھ افراد زخمی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محفل میلاد کا انعقاد بغیر اجازت کے کیا گیا تھا تاہم اس کے لیے سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔

واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

دھماکے میں خواجہ اظہار اور خالد مقبول محفوظ رہے، فیصل سبزواری

پارٹی رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے منعقد کی گئی محفل میلاد میں ہوا۔ تقریب میں پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی اور پارٹی رہنما خواجہ اظہار الحسن موجود تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے دھماکہ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ذرائع بی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ دھماکہ دیسی ساختہ بم سے کیا گیا، بارودی مواد میں بال بیرنگ بھی شامل تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امکان ہے کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا ہوا ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں فوڈ اسٹریٹ بھی موجود ہے جبکہ چھٹی کا دن ہونے کے باعث دیر رات تک یہاں لوگ موجود ہوتے ہیں۔

کراچی دہشت گردوں کے نشانے پر

کئی روز سے شہر قائد کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ شہر میں چوتھا دہشت گردی کا واقعہ ہے۔

16 نومبر کو کراچی کے علاقے قائد آباد میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ آٹھ سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

23 نومبر کو چینی قونصلیٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔

تین اکبوبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک گاڑی میں دھماکہ ہوا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں