پی آئی اے ہوٹل میں لاکھوں کی خرد برد کا انکشاف


لاہور: لاہور میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے ) کے ائیرپورٹ ہوٹل میں لاکھوں روپےکی مبینہ خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے کی کرپشن سوئمنگ پول اور شادی ہال کے لیے بکنگ کی مد میں کی گئی۔

قوانین کے مطابق بکنگ کے لیے فکس کرایہ اور کمیشن کی ایڈوانس وصولی لازم ہے لیکن کرایہ اور کمیشن دونوں کی مد میں رعایت دیئے جانے کی رپورٹ سامنے آئی ہے جبکہ سوئمنگ پول اور شادی ہال ملازمین کے نام پر 25 فیصد پر بھی بک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق رعایت دینے کا اختیار صرف کمپنی بورڈ کے پاس ہے جبکہ کل رقم وصول کیے جانے کے بعد اکاؤنٹ میں واجب رقم جمع کرائی گئی۔

قوانین کے مطابق ائیرپورٹ استقبالیہ سے  کسی بھی رسید کا اجراء کرنا لازم ہے تاہم استقبالیہ کے بجائے رسیدیں مبینہ طور پرالگ سے جاری کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق یہ خبریں بھی ہیں کہ فوڈ اینڈ بیوریج مینیجر بطورپارٹیزانچارج مبینہ رسیدیں جاری کرنے میں شامل ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ آڈٹ کے وقت رسید بک سے ہٹ کر دیگر نمبروں کی مبینہ رسیدیں پیش کی گئیں۔

اس ضمن میں ہوٹل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر مسعود سے موقف جاننے کے لے ہم نیوز نے رابطہ کیا تاہم وہ دستیاب نہیں تھے۔


متعلقہ خبریں