امریکہ سے بات چیت کا آغاز اچھی شروعات ہے، ترجمان دفتر خارجہ



اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ امریکہ سے بات چیت کا آغاز اچھی شروعات ہیں۔ بھارت کے دو ٹوک مؤقف پر قائم ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ اور میڈیا بریفنگ میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دو روزہ دورہ پاکستان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ جس میں افغانستان میں مفاہمتی عمل ہر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اُن کا دورہ افغان مفاہمتی عمل میں پیش رفت سے متعلق تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کے لیے تمام فریقین متفق ہیں جب کہ طالبان کی پاکستان آمد سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے۔ زلمے خلیل زاد کے دورے میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔

ترجمان دفر خارجہ نے کشمیر کے متعلق کہا کہ ہندوستان دنیا کو گمراہ کرنا چھوڑے اور زمینی حقائق کو تسلیم کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے اور سینکڑوں معصوم اور نہتے کشمیری پیلٹ گنز کے استعمال سے زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور چینی قونصل خانے کو اضافی سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے جب کہ غیر ملکی باشندوں کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے چینی سرکاری ٹی وی پر مقبوضہ کمشیر کو بھارت کا حصہ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے اس معاملے پر پاکستان کو تفصیل سے آگاہ کر دیا ہے اور چینی سرکاری ٹی وی نے تسلیم شدہ نقشہ ہی استعمال کیا ہے۔

ڈالر کے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں کا تعین کرنا وزارت خارجہ کا کام نہیں وزارت خزانہ کی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں