بحریہ انکلیو میں سی ڈی اے کا آپریشن، 40 سے زائد دکانیں، ہوٹل مسمار

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے نے بحریہ انکلیو کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔ 40 سے زائد دکانوں اور ہوٹلوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔

سی ڈی اے کی 510 کنال اراضی واگزار کرانے کے لیے بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن جاری ہے جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔

سی ڈی اے کی جانب سے بحریہ انکلیو کے داخلی راستے پر بنی تعمیرات اور ہوٹل کو بھاری مشینری سے گرا دیا گیا جب کہ اس دوران دکانوں اور ہوٹلوں سے سامان نکالنے کے لیے اعلانات بھی کیے جاتے رہے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے بحریہ انکلیو میں 40 سے زائد ہوٹل اور دکانیں گرا دی گئیں جب کہ دیگر غیر قانونی تعمیرات سے سامان نکالا جا رہا ہے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق بحریہ انکلیو کی انتظامیہ کو متعدد بار غیر قانونی تعمیرات اٹھانے کی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رہا جب کہ آج ازخود تعمیرات گرانے کی آخری مہلت دی گئی تھی۔

سی ڈی اے کی 510 کنال اراضی پر بحریہ انکلیو کی جانب سے قبضہ کیا گیا تھا۔ سی ڈی اے کی زمین واگزار کرانے کے لیے بھاری مشینری اور 400 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل عملے نے آپریشن میں حصہ لیا۔


متعلقہ خبریں