امریکی صدر کا سہہ ملکی تجارتی معاہدہ نافٹا ختم کرنے کا اعلان


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سہہ ملکی تجارتی سمجھوتہ نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ (نافٹا) کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی امریکی کانگریس کو نافٹا سمجھوتہ ختم کرنے سے آگاہ کر دیں گے اور امریکی کانگریس کو اس کا متبادل یا کوئی اور سمجھوتہ نہ کرنے کا اختیار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے صدر کم جانگ اُن سے ملاقات آئندہ سال جنوری یا فروری میں ہو سکتی ہے۔

نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان تجارتی سمجھوتہ کہلاتا ہے جو تینوں ممالک کے درمیان 1994 میں اُس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کے دور حکومت میں طے پایا تھا جس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارت کا سالانہ حجم 12 کھرب ڈالر کے قریب ہے۔

امریکہ ، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ نافٹا کی جگہ لے گا۔ اس معاہدے پر امریکہ اور کینیڈا کے درمیان رواں سال اکتوبر میں اتفاق ہوا تھا جب کہ امریکہ اور میکسیکو کے درمیان اگست میں اتفاق کیا گیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ نافٹا کی وجہ سے امریکہ میں بڑی صنعتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کئی صنعتیں میکسیکو منتقل ہو گئی ہیں اور امریکہ کے مزدور طبقے میں بے روزگاری زیادہ ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں