ڈالر کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات کی جائیں، محمد زبیر


اسلام آباد: سابق گورنر سندھ اور رہنما مسلم لیگ نواز( ن) محمد زبیر نے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت بڑھنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے روئیے سے دنیا میں یہی تاثر جا رہا ہے کہ روپے کی قدر کے معاملے میں ان کا کوئی کنٹرول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چند لوگ ہی فیصلہ کرکے ڈالر کی قیمت کو کبھی اوپر اور کبھی نیچے لے جا سکتے ہیں اور اس بات سے بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کا پاکستان کی جانب رجحان بالکل ختم ہو جائے گا۔

محمد زبیر نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کو درپیش مسائل میں  سب سے بڑے مسائل دہشت گردی اور بجلی کی عدم دستیابی تھے۔ کراچی میں دہشت گردی کا راج تھا، ہر جگہ بم پھٹ رہے تھے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے پہلے 100 روز میں ہی آئی ایم ایف کا فیصلہ کر لیا تھا۔ پہلے سو دنوں میں ہی سی پیک کے حوالے سے تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی جبکہ کراچی آپریشن کا بھی پہلے سو دنوں میں ہی فیصلہ کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کا گزشتہ سالوں سے موازنہ کیا جائے تو اس حکومت کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ  کچھ پندرہ دن قبل وزیر خزانہ اسد عمر نے بیان دیا کہ ادائیگیوں میں توازن کا بحران ختم ہو چکا ہے۔ ہمارے پاس ڈالر کی کمی نہیں اور نہ ہی روپے پر کوئی دبائو  ہے۔ پھر کل کیسے روپے کی قیمت پر دبائو پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کے دور حکومت میں جب ایک مرتبہ روپے کی قدر میں صرف پانچ روپے کی کمی ہوئی تھی تو عمران خان نے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی ہوتی نہیں ہے بلکہ کی جاتی ہے۔ تو پھر اب یہ لوگ جواب دیں کہ کل کیوں انہوں نے روپے کی قدر میں کمی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہوتی نہیں ہے کرائی جاتی ہے۔ پھر کیوں یہ لوگ عوام پر مہنگائی  کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔

سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے رہے کہ ن لیگ 23 ہزار بلین کا قرض چھوڑ کر گئی ہے جبکہ وہ 24 ہزار بلین ہے اور اس میں سے چھ ہزار بلین پرائیوٹ قرضے کی رقم ہے جو ن لیگ قیادت پر مسلط کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے اگر ہم رونا ڈال دیں تو پی پی پی حکومت ہم پر  14 ہزار بلین کا پرائیوٹ قرض چھوڑ کر گئی تھی لیکن ان کو اتنا بھی معلوم نہیں کہ پرائیویٹ قرض حکومت کے حصے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔


متعلقہ خبریں